ملاقاتوں کو سیاست ، گالم گلوچ کیلئے استعمال نہ کریں تو کون روکتا ہے؟عمران خان جیل میں نہیں رہنا چاہتے وہاں ان کا دل نہیں لگتا،رانا ثنااللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی لیونگ کنڈیشن جیل میں اے ون ہے ، ان کا علاج بھی بہترین ہوا ہے ۔
رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی پر تنقیدکی اور کہا کہ 8 فروری کو پہیہ جام کی کال دی اس کے لیے ان کی کیا تیاری تھی؟ جس طرح کے انہوں نے دھرنے دیے اس سے بہتر تھا نہ دیتے ۔
انہوں نے کہاکہ ایسے احتجاج اور دھرنوں سے شاید پی ٹی آئی کے ساتھ سازش ہو رہی ہے، پی ٹی آئی کے خلاف سازش ہو رہی ہے یا یہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کہا تھا کہ ڈی چوک کے بجائے سنگجانی چلے جائیں ، آپ سے بات ہوگی ، یہ سنجیدہ کوشش تھی لیکن تحریک انصاف یا شاید بانی پی ٹی آئی نے انکار کیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ ان کو ایک طرف سے فیڈ کیا جارہا تھا کہ بس انقلاب آنے کو تیار ہے ، محسن نقوی ان کے ساتھ براہ راست گفتگو میں شامل تھے کہ ڈی چوک نہ جائیں، بانی پی ٹی آئی پہلے اس بات پر رضامند ہوئے پھر اس بات سے پیچھے ہٹ گئے۔
انہوں نے کہاکہ ملاقاتوں کو سیاست ، گالم گلوچ کے لیے استعمال نہ کریں تو کون روکتا ہے؟ بانی پی ٹی آئی ایک دن بھی جیل میں نہیں رہنا چاہتے وہاں ان کا دل نہیں لگ رہا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی 8فروری کو بھی اس یقین میں تھے کہ پورا ملک جام ہوجائے گا، یہ عید کے بعد تحریک کی بات کرتے ہیں اس سے کچھ بھی نہیں ہونے والا، بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تب بھی بشریٰ بی بی فیصلے کرتی تھیں، ثبوت موجود ہیں اب بھی بشریٰ بی بی نے جو کہا وہی ہوا۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی لیونگ کنڈیشن جیل میں اے ون ہے ، ان کا علاج بھی بہترین ہوا ہے ۔
دوسری جانب عمیر نیازی نے کہا کہ مذاکرات کی قیمت ہوتی، نوازشریف سیاست سے باہر ہوئے ملک سے باہر گئے، بانی پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ اپنی ذات کے لیے فیور نہیں مانگ رہا ، بانی پی ٹی آئی کے کیسز عدالتوں میں ہیں وہ کہتے ہیں کہ کیسز لگائیں۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم چاہ رہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سرجھکا لیں وہ یہ نہیں کرنا چاہتے ، کسی سیاستدان نے جیل میں مسلسل اتنے دن نہیں گزارے جتنے بانی پی ٹی آئی نے گزارے، علیمہ خان کا پی ٹی آئی کی سیاست میں کوئی کردار نہیں، علیمہ خان اپنے بھائی کی رہائی کے لیے کھڑی ہیں۔



