حکومت پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہے، نیا میثاقِ جمہوریت سامنے آئے تو مؤقف دیں گے، رانا ثنااللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے بات چیت کے لیے ہر وقت تیار ہے، اور اگر نیا میثاقِ جمہوریت سامنے آتا ہے تو اس کا جائزہ لے کر اپنا مؤقف دیا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے واضح کیا کہ 8 فروری کو ملک میں کسی قسم کی پہیہ جام ہڑتال نہیں ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر چند افراد نظامِ زندگی مفلوج کرنے کی کوشش کریں گے تو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے رہنما عدالتی احکامات اور جیل رولز کے مطابق عمران خان سے ملاقات کریں تو اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی، تاہم قوانین یا عدالتی فیصلوں کی خلاف ورزی کی صورت میں ملاقات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

ایک سوال کے جواب میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی ایک قابلِ احترام سیاسی رہنما ہیں، جبکہ اپوزیشن لیڈر کے تقرر میں زیادہ سے زیادہ ایک دو دن لگیں گے۔

انہوں نے پی ٹی آئی پر زور دیا کہ وہ غیرقانونی ایجنڈے سے باز آ جائے اور جمہوری حدود میں رہ کر سیاست کرے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے نئے میثاقِ جمہوریت کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو باہمی اشتراک کی دعوت دی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ازسرِنو تشکیل کا مطالبہ بھی کیا ہے، جس پر تمام فریقین کا اتفاق ہو۔

یہ فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی صدارت میں ہونے والے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات کے خاتمے اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button