حکومت مذاکرات چاہتی ہےمگر پی ٹی آئی نے خود کو ڈائیلاگ سے الگ کر لیا: رانا ثنااللہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ حکومت چاہتی ہے پوری اپوزیشن مذاکرات میں بیٹھے لیکن پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے خود کو مذاکرات سے علیحدہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ ہمارا خیال ہے کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان اپنی رضامندی سے وزیراعظم کوآگاہ کرے گی، وزیراعظم نے اپوزیشن کو ڈائیلاگ کی دعوت دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے مذاکرات سےخود کوعلیحدہ کرلیا ہے، تحریک انصاف نے کہا کہ وہ مذاکرات میں شامل نہیں ہوں گے اوران کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ مولانا فضل الرحمان نے بھی تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ساتھ بیٹھنے کا عندیہ نہیں دیا، یہ صورتحال حوصلہ افزا نہیں وزیراعظم خود ہی اس کا جواب دیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہوگی کہ پوری اپوزیشن مذاکرات میں حصہ لے اور ہماری مذاکراتی کمیٹی میں پیپلزپارٹی سمیت حکومت کےتمام اتحادی شامل ہونگے۔



