عمران خان اور بشریٰ بی بی کو عدالتی فیصلوں کی پاسداری کرنی ہوگی، رانا ثناء اللہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو عدالتی فیصلوں کی پاسداری کرنی ہوگی۔ حکومت نے مذاکرات کی متعدد پیشکشیں کی ہیں، لیکن بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے لیے ٹیبل پر بیٹھنے سے گریزاں ہیں۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق ہائی کورٹ نے بانی سے ملاقات کے طریقہ کار کا تعین کیا ہوا ہے اور حالیہ ملاقات میں بانی اور ان کی اہلیہ ایک ساتھ موجود تھے، جس پر حکومت کی نیت پر کسی قسم کا شک نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے فلور آف دی ہاؤس مذاکرات کی پیشکش کی، قومی اسمبلی اجلاس کے دوران دو بار پی ٹی آئی کو دعوت دی، اور چوتھی بار کابینہ اجلاس میں بھی مذاکرات کی پیشکش کی گئی۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے کہا جاتا ہے کہ ان کے پاس اختیار ہی نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں بطور وزیراعظم بھی مذاکرات کے لیے ٹیبل پر بیٹھنے کی بات نہیں کرتے تھے اور اس حوالے سے ان کا رویہ ہمیشہ واضح اور مزاحمتی رہا ہے۔ عسکری قیادت اور اپوزیشن کے اجلاس میں بھی بانی پی ٹی آئی ایک گھنٹے سے زائد انتظار کے باوجود کمیٹی روم سے باہر نہیں آئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی ملاقات یا مذاکرات نہیں کرنا چاہتے تو حکومت انہیں منانے کی کوشش نہیں کرے گی، اور اگر وہ ریاست سے ٹکراؤ کی پالیسی جاری رکھتے ہیں تو ان کا نقصان ہوگا۔ رانا ثناء اللہ نے واضح کیا کہ حکومت ریاست کے خلاف کسی قسم کی چال چلنے کی حمایت نہیں کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button