رمضان کوسو قتل کیس،ملزم لال بجیر کی ضمانت مسترد،عدالتی احاطے سے گرفتار

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ڈیپلو کے قریب علی بندر روڈ پر کار میں فائرنگ کرکے قتل کیے گئے رمضان کوسو کے کیس میں مطلوب مرکزی ملزمان میں شامل پولیس اہلکار لال بجیر کی ضمانت مٹھی کی عدالت نے مسترد کر دی۔
لال بجیر کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد ڈیپلو پولیس نے اسے عدالتی احاطے سے گرفتار کر لیا۔
ادھر عدالت نے اسی کیس میں گرفتار ملزم پھلاج میگھواڑ کو بھی ضمانت دینے سے انکار کر دیا، جبکہ اس سے قبل مرکزی ملزم اور ڈیپلو تھانے کے سابق ایس ایچ او حسین بخش راڄڑ کی ضمانت کی درخواست بھی مسترد کی جا چکی ہے اور وہ اس وقت جوڈیشل کسٹڈی میں ہیں۔
تاہم ایک ملزم پرکاش میگھواڑ کی ضمانت سندھ ہائی کورٹ میرپورخاص بینچ نے منظور کر لی تھی۔
دوسری جانب رمضان کوسو قتل کیس کا ایک اور مرکزی ملزم شوکت راہمون تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آ سکا۔ ذرائع کے مطابق وہ کسی بااثر شخصیت کی پناہ میں موجود ہے۔
رمضان کوسو کے ورثا کا کہنا ہے کہ واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی، جو سابق ایس ایچ او ڈیپلو حسین بخش کی بتائی جاتی ہے، ابھی تک تحویل میں نہیں لی گئی اور نہ ہی پولیس ملزم شوکت راہمون کی گرفتاری کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔



