میرپورخاص: رمضان میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کمشنر جلال الدین مہر

میرپورخاص (شاھدمیمن) کمشنر جلال الدین مہر نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزوں اور اشیاء کی زائد قیمتیں وصول کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، بازاروں کا دورہ کیا جائے گا اور بازاروں کے اندر شکایتی سیل قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں شہری زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف شکایات درج کروا سکتے ہیں جس کے بعد ایسے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی وہ اپنے دفتر میں پریس کلب کے وفد جس کی قیادت جنرل سیکرٹری شاہد حسین خاصخیلی کر رہے تھے جبکہ وفد میں سینئر صحافی محمد خالد، شوکت پنہور، بلال محمود، اعجاز بھٹی اور اسد چاکی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ دکانداروں کو اشیاء کی قیمتوں کی فہرست سامنے آویزاں کرنا ہو گی تاکہ صارفین ان اشیا کی قیمتیں دیکھ سکیں انہوں نے کہا کہ قیمتوں کی فہرستوں کی تیاری کے سلسلے میں ایک اسسٹنٹ کمشنر صبح سویرے منڈیوں کا دورہ کریں گے اور وہاں اشیاء کی قیمتوں پر نظر رکھیں گے تاکہ بڑی منڈیوں میں بھی قیمتوں کو کنٹرول کیا جا سکے انہوں نے کہا کہ تمام ڈویژنل ڈی آئی جیز، اسسٹنٹ کمشنرز اور مختارکار کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بغیر کسی پروٹوکول یا تعارف کے خود بازاروں میں جائیں اور اشیا کی قیمتوں پر نظر رکھیں اور مساجد میں نماز کے دوران لوگوں سے بھی ملیں تاکہ وہ وہاں موجود لوگوں کے مسائل سے آگاہ ہو سکیں انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام کو رمضان المبارک کے دوران شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کو ختم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن اور ٹاؤن انتظامیہ کو صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کی ہدایت کی گئی ہے اور جہاں جہاں آر او پلانٹس غیر فعال ہیں انہیں فعال کیا جائے تاکہ عوام کو پینے کا صاف پانی میسر ہو سکے۔



