گل پلازہ آتشزدگی: متصل رمپا پلازہ غیر محفوظ قرار

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)کراچی میں گل پلازہ شاپنگ مال میں لگنے والی ہولناک آتشزدگی کے اثرات قریبی عمارتوں تک پھیل گئے ہیں، جہاں گل پلازہ سے متصل رمپا پلازہ کے ستون بھی شدید متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA) نے رمپا پلازہ کو غیر محفوظ قرار دیتے ہوئے اس کے خطرناک حصوں کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ حکام کے مطابق گل پلازہ میں تیسرے درجے کی شدید آتشزدگی کے باعث رمپا پلازہ کے مرکزی ستون بری طرح متاثر ہوئے ہیں، جس سے عمارت کی ساختی سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

ایس بی سی اے کی جانب سے رمپا پلازہ کی انتظامیہ اور دکان مالکان کو نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، جبکہ واضح کیا گیا ہے کہ عمارت میں کسی بھی غیر اجازت شدہ سرگرمی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکام کے مطابق صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے مزید اقدامات بھی متوقع ہیں۔

واضح رہے کہ ہفتے کی شب گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں 81 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جن میں سے اب تک 74 لاپتا افراد کی تصدیق ہو چکی ہے، جبکہ 28 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button