تھرپارکر میں ینگ سوشل ریفارمرز کی رمضان و عید مہم کا آغاز، مستحقین میں راشن اور امداد کی فراہمی

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی\ جانوڈاٹ پی کے) ینگ سوشل ریفارمرز (YSR) کی جانب سے پاکستان کے معروف سماجی رہنما ڈاکٹر ایس۔ایس نور کے تعاون سے ضلع تھرپارکر میں رمضان المبارک اور عیدالفطر کے موقع پر بڑے پیمانے پر راشن تقسیم، افطار ڈنر اور دیگر فلاحی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس مہم کا مقصد دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں رہنے والے غریب، نادار اور مستحق افراد کی مدد کرنا ہے تاکہ وہ بھی رمضان اور عید کی خوشیاں عزت اور سکون کے ساتھ منا سکیں۔

ینگ سوشل ریفارمرز کے ایڈمنسٹریٹر لیاقت نور کنبھر تھرپارکر پہنچے اور “آئیے دکھی دلوں کا سہارا بنیں” مہم کے تحت رمضان راشن ڈرائیو کا آغاز کیا۔ اس دوران چیلاہار اور گرد و نواح میں حالیہ آگ سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقاتیں کی گئیں اور انہیں فوری طور پر راشن، خوراک اور دیگر ضروری اشیاء فراہم کی گئیں، جبکہ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔

تنظیم کی ٹیم نے تھرپارکر کے انتہائی دور افتادہ علاقوں تک پہنچ کر مستحق افراد کے گھروں کی دہلیز تک راشن اور امدادی سامان پہنچایا۔ اس عمل کے دوران مستحقین کی عزت نفس کا خصوصی خیال رکھا گیا اور بلا امتیاز رنگ، نسل، ذات یا مذہب انسانیت کی بنیاد پر خدمت انجام دی گئی۔ عید راشن، افطار سامان اور دیگر ضروری اشیاء کی شفاف اور منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا گیا۔

ترجمان کے مطابق، وائی ایس آر کے بانی سید فہد حسین رضوی کی ہدایات پر تھرپارکر میں نہ صرف رمضان مہم جاری ہے بلکہ مستقبل قریب میں پانی، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بھی جامع اور پائیدار منصوبے شروع کیے جائیں گے، جن کا مقصد مقامی افراد کی بنیادی ضروریات کو پورا کرنا اور معیار زندگی بہتر بنانا ہے۔

اس موقع پر رئیس احمد سمیجو، فدا حسین سمیجو، راجیش سندھی، شہباز کنبھر، عنایت یوسفانی اور خالد حسین سمیجو نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ینگ سوشل ریفارمرز رمضان المبارک میں بھی انسانیت کی خدمت کا مشن جاری رکھے گی اور رمضان کے بعد بھی فلاحی سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معاشرے کے ہر طبقے تک بلا امتیاز مدد پہنچائی جائے گی۔

ینگ سوشل ریفارمرز کی یہ مہم نہ صرف ایک فلاحی اقدام ہے بلکہ سماجی ہم آہنگی، بھائی چارے اور انسانیت کے اعلیٰ اقدار کو فروغ دینے کی ایک بہترین مثال بھی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button