رمضان میں آئل و گھی پر عوام کو بڑا ریلیف

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو آئل و گھی کی قیمتوں میں بڑا ریلیف دینے کا فیصلہ کرلیا۔

 معاون خصوصی سلمیٰ بٹ کی ہدایت پرڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید سے گھی ملز مالکان کی ملاقات ہوئی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ رمضان المبارک میں تمام گھی اور آئل پر 10 روپے تا 16 روپے فی کلو لیٹر پیکٹ رعایت دی جائے گی۔

معاون خصوصی سلمی بٹ نے کہا کہ ماہ مبارک میں معیاری اور با رعایت آئل گھی مارکیٹ میں میسر ہوگا، مستقبل میں پام آئل قیمتیں کم ہونے کی صورت میں انڈسٹری اتھارٹی سے مشاورت کے ساتھ پرائس میں فوری ریلف دے گی۔

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ معیاری گھی کی فراہمی کے لیے مارکیٹ میں جدید سسٹم متعارف کروانے کی فوری ضرورت ہے، ٹرانسفیٹی ایسڈ کو کم کرنے کے لیے سستے اور جدید طریقے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھی کی کوالٹی، ٹیسٹنگ کے عمل کو جدید اور بین الاقوامی طرز پر لایا جا رہا ہے، انہوں نے گھی و آئل کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے ملز مالکان سے سفارشات طلب کرلیں۔

چئیرمین گھی مل ایسوسی ایشن اسجد عارف نے کہا کہ آئل گھی کے معیار میں بہتری، یونٹ مینجمنٹ میں فوڈ اتھارٹی نے انڈسٹری کی راہنمائی کی، فوڈ اتھارٹی نے پنجاب میں آئل گھی ملوں میں بین الاقوامی ایس او پیز کا نفاذ کروایا ہے، آئل گھی انڈسڑی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے اقدامات قابل تحسین ہیں، جعلساز مافیا کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مشکور ہیں۔

چئیرمین گھی مل ایسوسی ایشن نے کہا کہ آئل گھی میں ملاوٹ اور جعلسازی کے خاتمے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، رمضان المبارک کے دوران مارکیٹ میں معیاری گھی کی وافر سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button