ڈپٹی کمشنر گھوٹکی کی زیر صدارت اجلاس، احترامِ رمضان آرڈیننس پر مکمل عمل درآمدکرانے کا فیصلہ

گھوٹکی(رپورٹ: وجے کمار چاولہ) ضلع گھوٹکی میں احترامِ رمضان آرڈیننس پر مکمل عمل درآمد کرانے کا فیصلہ، منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائیاں کی جائیں گی۔ خبر کے مطابق ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد کنرانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں احترامِ رمضان کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکاروں سمیت میونسپل، ریسکیو 1122، پولیس، سیپکو، سوئی گیس اور پرائس اینڈ کنٹرول محکمے کے افسران اور مختلف مکاتبِ فکر کے علما نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان کا احترام کرنا سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، اس لیے تمام اداروں کو چاہیے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ رمضان کے دوران سبزی منڈیوں میں نیلامی کی نگرانی کی جائے، جبکہ بازاروں میں شکایتی سیل قائم کیے جائیں تاکہ شہری مصنوعی مہنگائی کے خلاف شکایات درج کرا سکیں، جن پر فوری کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ احترامِ رمضان آرڈیننس پر سختی سے عمل کرایا جائے، کسی کو بھی شام ساڑھے چار بجے سے پہلے ہوٹل کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی، اور اشیاء خوردونوش  مانے نرخوں پر فروخت کرنے والے گراں فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کے لیے منصوبہ تیار کیا جائے۔ انہوں نے میونسپل افسران کو یہ بھی ہدایت کی کہ شہروں میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنایا جائے اور مچھر مار اسپرے بھی کرایا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button