حکومت کا آرڈیننس کے معاملے پر ہمارے واک آؤٹ کا نوٹس لینا اچھی بات ہے، راجہ پرویزاشرف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سابق وزیراعظم و پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کاحکومتی اتحاد میں رہنا پاکستان کے مفاد میں ہے،حکومت کا آرڈیننس کے معاملے پر ہمارے واک آؤٹ کا نوٹس لینا اچھی بات ہے۔
پیپلز پارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی بلاول بھٹو زرداری نے بذریعہ زوم صدارت کی۔ ذرائع کے مطابق پی پی پارلیمانی اجلاس میں آرڈیننس کے معاملے پر پی پی مؤقف پر مشاورت کی گئی جبکہ اراکین نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز سے متعلق شکایات بھی کیں۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھاکہ حکومت نے آرڈیننس کے معاملے پر ہمارے واک آؤٹ کا نوٹس لیا اور یہ اچھی بات ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد میں مکمل یکجہتی کی فضا ہے، حکومتی اتحاد میں یکجہتی پاکستان کے مفاد میں ہے اور پیپلزپارٹی کاحکومتی اتحاد میں رہنا پاکستان کے مفاد میں ہے۔
راجہ پرویزاشرف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملکی مفاد میں فیصلے کرنے چاہئیں، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا معاملہ حل ہوجائے گا، پیپلزپارٹی اتحادی ہے پیپلزپارٹی کا اپوزیشن لیڈر نہیں ہوگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلزپارٹی نے صدر مملکت آصف زرداری کے دستخط کے بغیر اسپیشل اکنامک زونزآرڈیننس جاری کرنے پر قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا تھا۔
پیپلز پارٹی کے احتجاج کے بعد حکومت نے اسپیشل اکنامک زون ترمیمی آرڈیننس واپس لے لیا تھا۔



