بدین میں سردیوں کی پہلی بارش، شہر کی سڑکیں تالاب بن گئیں، غیر حاضر سی ایم او اور میونسپل کمیٹی کی غفلت سے شہری پریشان

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو/ڈاٹ کام .پی کے)محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق بدین میں سردیوں کی پہلی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شام بدین شہر سمیت گرد و نواح کے علاقوں اور ساحلی پٹی میں سردی کے موسم کی پہلی بارش ہوئی، جس کے باعث بدین ضلع میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے ایک گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی بارش کے نتیجے میں بدین شہر کی سڑکیں اور گلیاں پانی کے تالاب بن گئیں اس کی وجہ یہ ہے کہ میونسپل کمیٹی بدین کے چیئرمین اور سی ایم او کئی مہینوں سے بدین سے غائب ہیں، اور چیئرمین صرف اسی دن بدین آتا ہے جب کوئی وی آئی پی یا پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت بدین میں موجود ہوتی ہے۔ ان دونوں کی مسلسل غیر حاضری کے باعث میونسپل نظام، خاص طور پر پانی کی نکاسی کا نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، جس کے سبب معمولی بارش میں بھی شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہو جاتا ہے اس صورتحال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری جانب بدین میں پانی کی نکاسی کے نالوں پر ماہانہ بھتہ لے کر غیر قانونی اور مصنوعی قبضے کرائے گئے ہیں، جو بھی سڑکوں اور گلیوں میں بارش کا پانی کھڑا ہونے کی بڑی وجہ بنے ہوئے ہیں بدین کے شہریوں نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے مطالبہ کیا ہے کہ میونسپل کمیٹی پر مسلط کیے گئے دوسرے اضلاع کے اور غیر منتخب لوگوں سے جان چھڑائی جائے اور میونسپل بدین کا نظام شہریوں کے منتخب مقامی کونسلرز کے حوالے کیا جائے اس کے علاوہ مسلسل ڈیوٹی سے غیر حاضر سی ایم او کو معطل کر کے اس کی جگہ ایک ایماندار افسر مقرر کیا جائے، تاکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے مزید بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر بدین کو بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں سے بچایا جا سکے۔



