ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ کا مختلف علاقوں کا دورہ، بارش کے بعد نکاسی آب تیز کرنے کی ہدایت، شہریوں کو ریلیف کی یقین دہانی

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن )شہر سے نکاسی آب کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ سرمد علی بھاگت نے طوفانی بارش کے بعد ہنگامی بنیادوں پر رات گئے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور نکاسی آب کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ڈاکٹر گلی، شیخ فرید چوک سمیت دیگر نشیبی علاقوں میں جمع پانی اور شہری مسائل کا خود معائنہ کیا۔ دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے شہر میں قائم مختلف ڈسپوزلز اور پمپنگ مشینوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام سے کارکردگی پر بریفنگ لی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی فوری نکاسی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور تمام ڈی واٹرنگ مشینیں اور ڈسپوزلز مکمل طور پر فعال رکھے جائیں۔ اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں اور جہاں کہیں بھی پانی جمع ہو وہاں فوری طور پر نکاسی آب کے عمل کو تیز کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا بروقت ازالہ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید تاکید کی کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں رہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہیں، جبکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button