وزیر آباد:جماعت اسلامی کی کال پر لوکل گورنمنٹ قانون کیخلاف احتجاج

وزیرآباد(جانو ڈاٹ پی کے)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے اور بلدیاتی ایکٹ 2025 کے خلاف وزیر آباد میں احتجاج۔اسلامک سینٹر سے ریلی نکالی گئی۔شرکاء ریلی سے خطاب کرتے ہوے ضلعی امیر جماعت اسلامی وزیرآباد چوہدری ناصر محمود کلیر نے کہا کہ ہم پنجاب کے نئے بلدیاتی ایکٹ کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اس ایکٹ کے ذریعے اختیارات عوامی نمائندوں کے بجائے بیوروکریسی کو منتقل کیے جا رہے ہیں جو عوامی استحصال اور جمہوریت کو کمزور کرنے کے زمرہ میں آتا ہے ، یہ قانون جمہوری روح کے خلاف ہے۔ جماعت اسلامی بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنانا چاہتی ہے۔ ہم نظام کی حقیقی تبدیلی کے لیے عوام کو تیار کر رہے ہیں۔ہمارے کارکنان نے ثابت کیا ہے کہ وہ ملک میں مثبت اور پائیدار تبدیلی کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ“اب بلدیاتی انتخابات کی تیاری کے لیے ہمیں گلی گلی اور محلے محلے میں منظم انداز میں پھیلنا ہوگا۔”بلدیاتی ایکٹ میں بیوروکریسی کو بے جا اختیارات دینا عوامی مینڈیٹ کی توہین ہے انہوں نے کہا کہ 21 دسمبر کو پنجاب کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں دھرنا دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ پنجاب کا بلدیاتی ایکٹ نہیں ہے، یہ کالا قانون ہے، یہ قانون شہروں کا اور یونین کونسل کا حق بھی کھا رہا ہے۔ جاگیرداروں نے پورے سسٹم پر قبضہ کیا ہوا ہے، یہ لوگ ظلم کے اس نظام کو قائم رکھتے ہیں۔عمر بھر پولٹیکل ورکر محنت کرتا ہے لیکن کبھی پارٹی کا سربراہ نہیں بن سکتا، یہاں تو چچا وزیرِ اعظم اور بھتیجی وزیرِ اعلیٰ ہے اور بھائی اور رشتہ دار عہدوں پر قابض ہیں جو جمہوریت کے بنیادی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے اور یہ سب قوم کے سامنے جھوٹ بولتے ہیں، ہم نے مل کر اس نظام کا خاتمہ کرنا ہے، جماعتِ اسلامی عوام کے ساتھ اتحاد کر رہی ہے اب آئین شکنی اور جمہوری حقوق کو غصب نہیں کرنے دیں گے۔



