دیپالپور: پاکستان ریلوے میں بدانتظامی اور کرپشن کے باعث نظام زوال کا شکارہے، شیخ محمد انور

دیپالپور (وسیم احمد غوری/جانو ڈاٹ پی کے )پاکستان ریلوے پریم یونین کے مرکزی صدر شیخ محمد انور نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے مسلسل زوال کا شکار ہے جس کی بنیادی وجہ بدانتظامی، ناقص پالیسیاں اور دیانت کے فقدان ہے۔تحصیل رپورٹر جانو ڈاٹ پی کے وسیم احمد غوری کو دیئے گئے اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریلوے ایک منظم اور شفاف نظام کے تحت چلتا تھا جہاں جنرل اسٹور کے ذریعے مرکزی خریداری کی جاتی تھی اور معیار کو یقینی بنایا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ اس نظام کو ختم کر دیا گیا جس سے کرپشن اور کمیشن کلچر نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ کنزیومر اور پرچیزر کو ایک ہی بنا دینے سے ادارے کی بنیادیں کمزور ہوئیں اور غیر معیاری مٹیریل کے استعمال سے حادثات میں اضافہ ہوا۔ شیخ محمد انور کا کہنا تھا کہ آج ریلوے کے ٹریک، کوچز اور انجن خستہ حالی کا شکار ہیں جو برسوں کی غفلت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنرل اسٹور کا نظام بحال کیا جائے۔



