ایران کی جوہری تنصیبات کا جلد معائنہ ہوگا، آئی اے ای اے کو رسائی ملے گی، رافیل گروسی

ٹوکیو (مانیٹرنگ ڈیسک) عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے عبوری امن معاہدے کے تحت آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کو ایران کی جوہری تنصیبات تک رسائی حاصل ہوگی تاکہ جوہری پروگرام کی نگرانی اور معائنہ یقینی بنایا جا سکے۔
جاپان میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رافیل گروسی نے کہا کہ فریقین کے درمیان ایک معاہدہ موجود ہے، جس پر مؤثر عمل درآمد کے لیے آئی اے ای اے کو ایرانی جوہری تنصیبات تک رسائی دینا ناگزیر ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ادارے کے معائنہ کار بہت جلد ایران پہنچ کر اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں گے۔
آئی اے ای اے کے سربراہ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت ایرانی جوہری پروگرام کی نگرانی عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کرے گی، جبکہ شفاف نگرانی کے لیے باقاعدہ معائنہ لازمی ہے اور اس کے بغیر یہ عمل مکمل نہیں ہو سکتا۔
رافیل گروسی نے مزید بتایا کہ تکنیکی کام کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد ہی ایرانی جوہری تنصیبات کا معائنہ شروع کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض متضاد سیاسی بیانات کے باوجود فریقین کے درمیان معاہدہ برقرار ہے اور اس پر عملدرآمد کی تیاری جاری ہے۔



