ارباب چانڈیوکے دادا،چچا اور والد کا قتل کیس،فیصلہ کل متوقع،ضلع بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ،دفعہ144نافذ

دادو(رپورٹ:عابد ببر/جانوڈاٹ پی کے)ام رباب چانڈیو کے دادا،چچااوروالد کے قتل کیس کے فیصلے کے موقع پر30مارچ کوسندھ پولیس کی جانب سے ضلع بھر میں سخت سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے۔
پورے ضلع میں ہائی الرٹ رہے گا اور مختلف مقامات پر سنیپ چیکنگ کی جائے گی۔30مارچ کیلئے خصوصی سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، جس کے تحت 6 ڈی ایس پی، 33 ایس ایچ او، 69 اے ایس آئی، 390 پولیس اہلکار اور 41 لیڈی پولیس اہلکار سمیت مجموعی طور پر 539 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 30 پولیس موبائلز اور 20 موٹر سائیکل دستے بھی ڈیوٹی انجام دیں گے۔
پلان کے مطابق دادو شہر میں سیشن کورٹ جانے اور آنے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہوگی، جبکہ میہڑ شہر میں ام رباب چانڈیو کے گھر اور میہڑ انڈس ہائی وے پر عارضی چیک پوسٹس قائم کی جائیں گی۔
پولیس کی خصوصی فنی ٹیمیں، جدید آلات سے لیس سرچ ٹیمیں، Rescue 1122 کے اہلکار اور فائر بریگیڈ کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔ سیشن کورٹ دادو جانے والے راستے بند کر کے صرف متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
ایس ایس پی دادو کی ہدایات کے مطابق اس روز اسلحہ لے کر آنے پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ دفعہ 144 نافذ رہے گی اور پانچ سے زائد افراد کے اجتماع پر بھی پابندی ہوگی۔ عدالت کے احاطے میں کسی بھی صحافی یا کیمرہ مین کے داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
پولیس کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے سیکیورٹی ادارے مکمل طور پر الرٹ رہیں گے، اور احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔




