بلوچستان میں سکیورٹی خدشات، کوئٹہ سے تمام مسافر ٹرینیں معطل، ریلوے نظام ٹھپ

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے)سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ سے اندرونِ ملک اور اندرونِ صوبہ چلنے والی تمام مسافر ٹرینیں معطل کر دی گئی ہیں، جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق کوئٹہ سے پنجاب جانے والی جعفر ایکسپریس، کراچی کے لیے روانہ ہونے والی بولان میل اور کوئٹہ سے چمن کے درمیان چلنے والی چمن پسنجر ٹرین تاحکمِ ثانی معطل کر دی گئی ہیں۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس کو سکیورٹی خدشات کے باعث جیکب آباد پر روک لیا گیا تھا، تاہم متاثرہ مسافروں کو ٹکٹ کی مکمل واپسی کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 29 جنوری 2026 کو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 30 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا، جبکہ پنجگور میں بھی سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 11 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
دوسری جانب دہشت گردی کے واقعات کا سلسلہ تاحال جاری ہے، جہاں آج دہشت گردوں کے ایک حملے میں دو پولیس اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ اس سے قبل گزشتہ شب سی ٹی ڈی نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔
سکیورٹی صورتحال کے باعث ریلوے حکام نے مسافروں سے اپیل کی ہے کہ سفر سے قبل متعلقہ حکام سے معلومات حاصل کریں۔



