کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک) کوئٹہ میں فرنٹیئر کور(ایف سی) ہیڈ کوارٹرز کے قریب ایک زور دار دھماکا کے نتیجے میں اب تک کی اطلاعات کے بعد 10 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکہ کوئٹہ کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں ہوا۔دھماکے کے فوراً بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیں۔
دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے
دھماکے سے اطراف کی کئی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ ایک موٹر سائیکل، رکشہ اور قریبی کھڑی گاڑیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں۔
ریسکیو ٹیمیں اور پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت اور اس میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا تعین کیا جا سکے۔
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کے مطابق کوئٹہ میں دھماکے کے نتیجے میں 10 جاں بحق جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 سے زائد ہے، زخمیوں میں 6 کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات کے بعد مزید تفصیلات میڈیا کو فراہم کی جائیں گی۔
سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ، ڈاکٹروں، نرسز اور پیرامیڈیکل سٹاف طلب
دوسری جانب سول اسپتال کوئٹہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور ڈاکٹروں اور دیگر متعلقہ سٹاف کو فوری طور پر ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دھماکے کی آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جبکہ جائے وقوعہ پر دھوئیں کے بادل چھا گئے۔
دھماکے کی نوعیت اور ہدف کے بارے میں تاحال کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا، تاہم پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان نےگاڑی سے خودکش حملہ کیا
حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے
علاوہ ازیں سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ کوئٹہ میں پشین اسٹاپ پر بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان نےگاڑی سے خودکش حملہ کیا جس میں حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے ایک سوزوکی آکر ٹکرائی اور دھماکا ہوا جس کے بعد 4 مسلح افراد نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے فوری رسپانس دیتے ہوئے دہشتگردوں کو ہلا ک کردیا اور کوئی دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے جو سب مارے گئے ہیں جب کہ حملے میں 2 ایف سی جوان زخمی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔
سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا، وزیراعلیٰ بلوچستان
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا، فورسز نے تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
وزیراعلیٰ نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔
Back to top button