تھائی لینڈ کی ملکہ نے جنوب مشرقی ایشیائی گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا

تھائی لینڈ(جانوڈاٹ پی کے)تھائی لینڈ کی ملکہ Suthida نے جنوب مشرقی ایشیائی گیمز میں گولڈ میڈل جیت لیا۔
جمعرات کو تھائی ملکہ نے تھائی لینڈ میں منعقد ہونے والے جنوب مشرقی ایشیائی گیمز میں سیلنگ کے مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیت لیا۔
تھائی ملکہ نے مکسڈ کیل بوٹ SSL47 کیٹیگری میں مقابلہ کیا۔ انہوں نے 47 فٹ لمبی کشتی پر 9 دیگر ساتھیوں کے ساتھ مقابلے میں حصہ لیا۔
47 سالہ ملکہ نے بطور ٹیکٹیشن اور ہلمس ویمن ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے مقابلے میں تھائی ٹیم کو کامیابی دلائی۔
ملائیشیا کی ٹیم دوسرے اور میانمار تیسرے نمبر پر رہا۔
تھائی لینڈ کے 73 سالہ بادشاہ Vajiralongkorn نے جمعرات فاتحین کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے پیش کیے، جن میں تھائی ملکہ بھی شامل تھیں، جن سے انہوں نے 2019 میں شادی کی تھی۔
واضح رہے کہ کمیونیکیشنز میں گریجویٹ تھائی ملکہ نے فوج میں شمولیت سے قبل تھائی ائیر ویز میں بطور فلائٹ اٹینڈنٹ خدمات انجام دیں۔
کھیلوں کی شوقین تھائی ملکہ نے رواں ماہ بینکاک میں کینیا کے عالمی شہرت یافتہ رنر ایلیوڈ کِپ چوگے کے ساتھ ہاف میراتھن میں بھی حصہ لیا تھا اور 2 گھنٹے 13 منٹ 40 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔



