قائد اعظم اپنی ذات میں ایک تحریک،ایک امید اور قومی جذبے سے سرشار انسان تھے، ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم
ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک میں یوم ولادت قائد اعظم کی یادگار تقریب

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے) قائد اعظم محمد علی جناحؒ اپنی ذات میں ایک تحریک ، ایک امید اور قومی جذبے سے سرشار انسان تھے ۔ انھوں نے ان تھک محنت سے علامہ محمد اقبالؒ کے خواب کو حقیقت میں بد ل دیا ۔ وہ سنگلاخ چٹانوں سے ٹکرا گئے اور ہمیں ایک آزاد اور خود مختار مملکت کا تحفہ عنایت کر گئے ۔ انھیں جوانوں سے بہت سی توقعات وابستہ تھیں ۔ آج پاکستان کو خوشحال اور فعال مملکت بنانے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر گورنمنٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین چاندنی چوک میں یوم ولادت قائد اعظم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قبل ازیں ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز پر وفیسر ابو الحسن ، پرنسپل ادارہ پروفیسر ڈاکٹر سفانہ شاہین ، پر وفیسر نوشین صفدر ، پروفیسر ڈاکٹر آمنہ جعفری، پر وفیسر ڈاکٹر منیبہ زہرا نقوی ، عروج فاطمہ ، ثمر نواز اور اقصیٰ یاسمین نے بھی اظہار خیال کیا ۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزیدکہا کہ ہمیں پاکستان کے استحکام کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے ۔ معرکہ حق نے پاکستان کا وقار بلند کر دیا ہے ۔ پروفیسر نوشین صفدر نے کہا کہ قائد اعظم اپنے فیصلوں میں کبھی متزلزل نہ ہوئے ۔ دنیا بھر کے مدبرین ان کی تعریف کرتے ہیں ۔ انھوں نے قوم کو واضح سمت عطا کی ۔ زندگی کے روشن پہلو دکھائے ۔ پر وفیسر ابوا لحسن نے کہا کہ ہمیں قائد اعظم کی تصاویر لگاتے ہوئے اس بات خیال رکھنا چاہیے کہ قا ئد اعظم عمل کے خوگر تھے ۔ہم اپنا کام دوسروں پر ڈال دیتے ہیں ۔ فرض کی ادائیگی کامیاب زندگی کی علامت ہے ۔ ہمیں فرائض منصبی کا خاص خیال رکھنا چاہیے ۔ تعلیمی اداروں میں فکر قائد اعظم کا فروغ ضروری ہے ۔ دیگر مقررین نے بھی قائد اعظم کی شخصی عظمت اور خدمات کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا ۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر) محمد وسیم نے کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارک باد پیش کی۔ پاکستان زندہ باد کے ولولہ انگیز نعرے سے تقریب اختتام پذیر ہوئی ۔



