غزہ جنگ بندی پر مذاکرات نازک موڑ پر ہیں، قطری وزیراعظم

دوحہ(جانوڈاٹ پی کے)قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا ہے کہ غزہ میں جنگ بندی کے حوالے سے مذاکرات انتہائی نازک موڑ پر ہیں۔
23 ویں دوحہ فورم میں گفتگو کرتے ہوئے قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی کا کہنا تھا ثالث غزہ جنگ بندی کے اگلے مرحلے کو آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا غزہ جنگ بندی پر مذاکرات نازک موڑ پر ہیں، ہم ایک اہم لمحے پر ہیں لیکن ابھی تک وہاں پہنچے نہیں ہیں۔
قطری وزیراعظم کا کہنا تھا ہم نے اب تک جو کیا ہے اسےجنگ بندی نہیں کہہ سکتے، وہ صرف ایک وقفہ ہے۔
شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا کہ اسرائیلی افواج کے غزہ سے مکمل انخلا تک جنگ بندی مکمل نہیں ہو سکتی۔
دوسری جانب فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے بھی ترک میڈیا کو انٹرویو میں کہا کہ ہمارے ہتھیاروں کا تعلق قبضے اور جارحیت کی موجودگی سے ہے، اسرائیل فلسطینی سرزمین سے قبضہ ختم کرے تو اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے سپرد کرنے کے لیے تیار ہیں۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ کی ایسی افواج کی تعیناتی قبول کرتے ہیں، جو ایک علیحدگی فورس کے طور پر سرحدوں کی نگرانی کرے اور غزہ میں جنگ بندی کی پاسداری کو یقینی بنائے۔



