والد سے ملنے پاکستان آنا چاہتے ہیں، 914 دن کی قید تنہائی تشویشناک ہے، قاسم خان

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے صاحبزادے قاسم خان نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے والد سے ملاقات کے لیے پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری بیان میں قاسم خان نے کہا کہ وہ اور ان کے بھائی اپنے والد عمران خان سے ملاقات کے لیے پاکستان جانا چاہتے ہیں، تاہم انہیں اس حوالے سے شدید رکاوٹوں کا سامنا ہے۔

قاسم خان نے دعویٰ کیا کہ عمران خان 914 دن سے قیدِ تنہائی میں ہیں اور اس طویل نظربندی کے باعث ان کی صحت مسلسل خراب ہو رہی ہے، جو انتہائی تشویشناک امر ہے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کو آزاد اور مناسب طبی سہولیات تک رسائی فراہم نہیں کی جا رہی، جبکہ حکومت دانستہ طور پر ان اور ان کے بھائی کی ویزا درخواستوں پر کارروائی میں تاخیر کر رہی ہے۔

قاسم خان نے مطالبہ کیا کہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں اور عالمی حکومتیں اس معاملے کا نوٹس لیں اور عمران خان کی صحت اور بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے آواز بلند کریں۔

مزید خبریں

Back to top button