اسلام آباد دھماکے پر روسی صدر پیوٹن کے صدر زرداری اور وزیراعظم کو تعزیتی خطوط اور تعاون کا پیغام دیا

تہران(جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد دھماکے پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تعزیتی خطوط بھیجے گئے ہیں۔

اپنے خطوط میں روسی صدر نے اسلام آباد دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر صدر مملکت اور وزیر اعظم سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ مذہبی اجتماع کے دوران شہریوں کا قتل بربریت کا ثبوت ہے۔

روسی صدر نے اپنے خط میں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روسی صدر پیوٹن نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کے مضافاتی علاقے ترلائی کی مسجد و امام بارگاہ خدیجتہ الکبریٰ میں جمعے کی نماز کے دوران دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں اب تک تقریباً 30 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔

حکومتی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت ہوچکی ہے، خود کش بمبار نے افغانستان سے دہشتگرد کارروائیوں کی تربیت حاصل کی اور متعدد بار افغانستان کا سفر کر چکا ہے۔

حکومتی ذرائع نے بتایاکہ افغانستان میں موجود مختلف دہشتگرد گروہ طالبان رجیم کی سرپرستی میں خطےکی سلامتی کےلیےخطرہ ہیں، پاکستان میں ہر دہشتگردانہ کارروائی کے پس پشت افغانستان اور بھارت کا گٹھ جوڑ ہے۔

مزید خبریں

Back to top button