پنجاب حکومت کی گندم خریداری مہم کی تیاریاں مکمل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومت پنجاب نے نئی گندم کی خریداری کے لیے تیاریاں شروع کر دی، جس کے تحت اپریل کے پہلے ہفتے سے باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق 11 کمپنیاں کسانوں سے مجموعی طور پر 30 لاکھ میٹرک ٹن گندم خریدیں گی، جبکہ خریداری کے ابتدائی مرحلے کا آغاز جنوبی پنجاب سے کیا جائے گا، خریدی گئی گندم کو بعد ازاں سرکاری گوداموں میں ذخیرہ کیا جائے گا۔
سرکاری سکیم کے تحت گندم خریداری کے لیے 11 فلار ملز اور کمپنیوں نے مقامی و بین الاقوامی ٹریڈرز کی ٹیکنیکل بڈ کوالیفائی کر لی ہے، جبکہ پری کوالیفائی ہونے والی کمپنیوں نے فنانشل بڈ بھی جمع کرا دی ہے، جسے آئندہ پانچ روز میں کھولا جائے گا۔
حکومت پنجاب نے ان پری کوالیفائی کمپنیوں کے لیے 25 لاکھ ٹن گندم خریداری مختص کی ہے، جبکہ فلار ملز اور ٹریڈرز کسانوں سے کھیتوں سے براہ راست 3500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے کسانوں کو بروقت ادائیگی اور مارکیٹ میں استحکام لانے میں مدد ملے گی۔



