مریم نواز کی داماک گروپ کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عالمی سطح پر معروف داماک گروپ کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں انہیں پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ وفد کی قیادت داماک گروپ کی سی ای او امیرا حسین سجوانی اور منیجنگ ڈائریکٹر علی حسین سجوانی نے کی۔

ملاقات کے دوران حکومتی اور تجارتی اثاثوں کی ٹوکنائزیشن کے عمل کو تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا اور مختلف شعبوں میں سٹریٹجک سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں آئی ٹی سٹی میں تجارتی اثاثوں کی پائلٹ ٹوکنائزیشن کی تجویز کا جائزہ لیا گیا، جس پر داماک گروپ نے پنجاب میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور ڈیجیٹل اثاثہ جات میں جدت اپنانے کے لیے پاکستان کا گیٹ وے بنایا جا رہا ہے۔ پنجاب آئی ٹی برآمدات میں 65 فیصد حصہ رکھتا ہے اور ہر سال 25,000 سے زائد آئی ٹی گریجویٹس مارکیٹ میں شامل ہو رہے ہیں، جس سے لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور گوجرانوالہ ابھرتے ہوئے ٹیکنالوجی ہب بن چکے ہیں۔

مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ حکومت کا ہدف پاکستان کو عالمی سطح پر آئی ٹی اور ڈیجیٹل انوویشن کا ابھرتا ہوا مرکز بنانا ہے، اور یہ وقت سرمایہ کاری کے لیے بہترین اور موزوں ہے۔

اس موقع پر سی بی ڈی پنجاب کے سی ای او عمران امین نے سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ ماسٹر پلان، سیریس ٹاور، فائیو سٹار ہاسپیٹیلٹی ٹاور، ہائپر ریٹیل مال اور دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، اور بتایا کہ ٹوکنائزیشن کے بے شمار مواقع موجود ہیں اور یہ منصوبے صوبے کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button