پنجاب بار کونسل کا سخت اقدام، وکلاء کی ہڑتال کے دوران عدالت پیش ہونے پر میاں علی اشفاق کا وکالت لائسنس معطل

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب بار کونسل نے وکلاء کی ہڑتال کے دوران عدالت میں پیش ہونے پر ایڈووکیٹ میاں علی اشفاق کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ان کا وکالت کا لائسنس معطل کر دیا ہے۔
پنجاب بار کونسل کے مطابق میاں علی اشفاق پر ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کو بھجوایا گیا، بار کونسل کا کہنا ہے کہ وکلاء کی ہڑتال کے دوران نجی سیکیورٹی گارڈز کے ہمراہ عدالت میں پیش ہونا پیشہ ورانہ بدسلوکی کے زمرے میں آتا ہے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ میاں علی اشفاق کی جانب سے وکلاء برادری کے خلاف دیے گئے بیانات قانونی برادری میں انتشار کا باعث بنے۔ پنجاب بار کونسل کے مطابق پاکستان لیگل پریکٹیشنرز اینڈ بار کونسلز رولز 1976 کے تحت رول 134 اور 175-اے کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر یہ فیصلہ کیا گیا۔
بار کونسل نے واضح کیا ہے کہ کیس کی سماعت کے بعد وکالت کا لائسنس مستقل طور پر منسوخ کیے جانے پر بھی کارروائی ہو گی۔



