ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے، بابرعلاؤالدین

وزیرآباد (جانوڈاٹ پی کے) عوامی فلاح سے وابستہ ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت، اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور فیلڈ لیول پر مؤثر نگرانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن وزیراعلیٰ پنجاب انسپکشن، سرویلنس و مانیٹرنگ ڈائریکٹوریٹ بریگیڈیئر (ر) بابر علاؤالدین ستارۂ امتیاز (ملٹری) نے اسسٹنٹ کمشنر آفس وزیرآباد کے دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد پیرزادہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیولپمنٹ کاشف اکرام اور دیگر انتظامی یونٹس کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری وسائل قوم کی امانت ہیں جن کے استعمال میں مکمل دیانت، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ معیار کا مظاہرہ ناگزیر ہے اور عوامی منصوبوں میں معمولی کوتاہی بھی عوام کے اعتماد کو مجروح کرتی ہے، قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کا پرتپاک استقبال کیا، بعد ازاں انہوں نے زیرِ تعمیر اسسٹنٹ کمشنر آفس اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی پیرا فورس کی عمارت کا تفصیلی معائنہ کیا جہاں تعمیراتی کاموں کے معیار، رفتار اور شفافیت کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ تعمیرات میں جدید تقاضوں، حفاظتی اصولوں اور عوامی سہولت کو مقدم رکھا جائے تاکہ یہ عمارتیں طویل مدت تک مؤثر خدمات انجام دے سکیں، دورانِ وزٹ بریگیڈیئر بابر علاؤالدین کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس بھی منعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر کاشف اکرام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی، اجلاس میں وزیرآباد میں جاری اور زیرِ عمل ترقیاتی منصوبوں، بلدیاتی سہولیات، شہری انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی خدمات کے فروغ پر تفصیلی غور کیا گیا، اجلاس کے دوران انہوں نے مالی نظم و ضبط، مؤثر مانیٹرنگ اور اداروں کے مابین مضبوط رابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ فیلڈ لیول پر نگرانی کو مزید فعال بنایا جائے اور عوام کو حقیقی معنوں میں ترقی کے ثمرات بروقت اور معیاری انداز میں پہنچائے جائیں۔



