وزیرآباد میں ٹریفک چالان مہم تیز، شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات سامنا

وزیرآباد (نامہ نگار)شہر کی حدود کے اندر ٹریفک پولیس اور پٹرولنگ پولیس کی جانب سے چالان مہم میں تیزی آنے سے شہریوں اور گردونواح سے آنے والے دوکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا،اندرون شہر چالان مہم سے شہریوں اور تاجروں کو مشکلات، اندرون شہر مختلف مقامات پر ناکے لگا کر موٹر سائیکلوں، رکشوں اور گاڑیوں کو روکا جا رہا ہے، جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ کام کاج کیلئے آنے والے افراد گھنٹوں سڑکوں پر رکے رہتے ہیں جبکہ بازاروں میں آنے والے خریداروں کی تعداد بھی کم ہو گئی ہے۔ خاص طور پر اندرون بازار کے چھوٹے تاجروں نے شکایت کی ہے کہ گاہک چالان کے خوف سے بازار آنے سے گریز کر رہے ہیں جس سے کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔تاجروں کا کہنا ہے کہ وہ پہلے ہی مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں سے پریشان ہیں اور اب یہ سخت ٹریفک مہم ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہے۔شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ چالان ضرور ہوں لیکن اس کے لیے متبادل پارکنگ اور بہتر ٹریفک پلان دیا جائے تاکہ کاروبار اور عوام دونوں متاثر نہ ہوں۔ٹریفک پولیس کا موقف ہے کہ یہ مہم شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک نظم و ضبط کیلئے شروع کی گئی ہے۔ تاہم عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ قانون پر عملدرآمد ضروری ہے لیکن شہریوں کو سہولت دینا بھی ریاست کی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button