بلاول بھٹو زرداری کا تھرپارکر میں عوامی شکایات پر اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی)بلاول بھٹو زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اسمبلی کے رکن سرینڈر ولاسائی کی شکایات کے بعد تھرپارکر میں خاص طور پر ڈیپلو اور کلوئی تعلقوں سے متعلق عوامی شکایات کی بھی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تھرپارکر میں دیوی درختوں کی کٹائی، غریب افراد کو سرکاری زمین سے ایندھن کے لیے لکڑی لینے سے روکنے، گھروں کے تحفظ کے لیے موجود درختوں کو اسلحہ کے زور پر کٹوانے، اور دور دراز علاقوں سے لکڑی لا کر ونگو، کلوئی اور نئون کوٹ کی مارکیٹوں میں مہنگے داموں فروخت کرنے جیسے معاملات کا جائزہ لیا جائے گا۔

اس کے علاوہ ڈیپلو اور کلوئی پولیس پر مقامی بااثر افراد کے ساتھ مل کر نجی ٹارچر سیلز قائم کرنے، غیر انسانی سلوک کی ویڈیوز بنانے، غریب افراد سے بھاری رشوت لینے، اور منشیات کے غیر قانونی اڈے چلانے جیسے سنگین الزامات بھی تحقیقات میں شامل ہوں گے۔ ریونیو محکموں میں مبینہ ہیر پھیر کے ذریعے کاجھر علاقے میں 25 ہزار ایکڑ زمین ہتھیانے کی شکایات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران متاثرہ افراد کے بیانات ریکارڈ کر کے رپورٹ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پیش کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ڈیپلو اور کلوئی پولیس پر ماضی میں بھی منشیات فروشی کے الزامات لگتے رہے ہیں۔ ڈیپلو تھانے کی حدود سے دو نوجوانوں کی لاشوں کی برآمدگی کو بھی اسی سلسلے کی کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔ جبکہ رمضان کوسو قتل کیس اور ٹنڈو باگو سے تعلق رکھنے والے ایک میمن نوجوان کی پراسرار لاش ملنے کے واقعات کو بھی مشکوک سمجھا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی اپنے وسیع دائرہ کار میں تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی اور عوام کے لیے مسائل کا سبب بننے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی بھی متوقع ہے۔ ساتھ ہی تھرپارکر میں بڑھتی چوریوں اور بنیادی سہولیات کی کمی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button