عمران خان سے ملاقات تک حکومتی اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے: پی ٹی آئی نے شرط رکھ دی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریکِ انصاف کی سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملکی و غیر ملکی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

اجلاس کے شرکاء نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور امریکہ و اسرائیل کی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے دیگر تمام بے گناہ شہریوں کیلئے فاتحہ خوانی کی اور حملوں کے نتیجے میں نہتے شہریوں خصوصاً 160 سے زائد اسکول کی طالبات کی شہادت پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب شاہین کی والدہ کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی گئی۔

سیاسی کمیٹی ایران پر اسرائیل اور امریکہ کی بزدلانہ جارحیت اور قتلِ عام کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ یہ کارروائی بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی، خطے میں عدم استحکام کا باعث اور دنیا کو مزید افراتفری اور تصادم کی طرف دھکیلنے کا عمل ہے۔ ہم ایران اور خلیجی ریاستوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ انتہائی ذمہ داری اور تحمل کا مظاہرہ کریں تاکہ خطہ مزید تصادم سے بچ سکے۔ ساتھ ہی ہم امریکہ اور اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنی غیر قانونی جارحیت اور اشتعال انگیز اقدامات کو روکیں۔

اجلاس کے شرکاء نے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت کے خلاف ملک گیر احتجاج کے دوران شہید ہونے والوں کیلئے بھی فاتحہ خوانی کی اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔

ہم ملک بھر میں پرامن مظاہرین کے خلاف ریاستی تشدد، براہِ راست فائرنگ اور مہلک طاقت کے استعمال کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ ان افسوسناک واقعات کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

سیاسی کمیٹی نے حکومت کی جانب سے قومی سلامتی کی صورتحال پر بلائی گئی میٹنگ کا جائزہ لیا اور افغانستان کے ساتھ موجودہ کشیدہ صورتحال پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا۔

سیاسی کمیٹی نے اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کیا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی نہیں دی جا رہی جو کہ ان کا آئینی حق اور عدالتی حکم ہے۔ عدالتی احکامات کے باوجود 2 اکتوبر 2025 سے ان کی فیملی سے ملاقاتیں بند ہیں۔ عمران خان کو خفیہ طور پر ہسپتال منتقل کرنا اور ان کی صحت کی صورتحال کو چھپانا آئین اور قانون کی صریح خلاف ورزی ہے۔

آج بھی ملاقات کے روز عدالتی حکم کے باوجود فیملی اور وکلاء کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔ میڈیا کے ذریعے ہم تک پہنچنے والی یہ اطلاعات پوری قوم کیلئے باعث تشویش ہیں کہ آج ایک بار پھر ڈاکٹروں کی ٹیم کو عمران خان کے طبی معائنے کیلئے اڈیالہ جیل بھیجا گیا ہے۔ ہم اس طرح کے کسی بھی یکطرفہ طبی معائنے کو مسترد کرتے ہیں۔

ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بغیر کسی تاخیر کے بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ فیملی اور وکلاء کی ملاقات فوری طور پر کرائی جائے۔ ہم ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ انہیں فوری طور پر شفا انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کا علاج ان کے ذاتی معالجین اور فیملی کی موجودگی میں یقینی بنایا جائے۔

جب تک عدالتی احکامات کی پاسداری نہیں کی جاتی اور بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کا اہتمام نہیں کیا جاتا، ہم حکومت کی طرف سے بلائے گئے اجلاس میں ہر گز شرکت نہیں کریں گے۔ حکومت کی جانب سے تحریک انصاف و اپوزیشن کو اجلاس میں شرکت کی دعوت اسی صورت قبول کی جائے گی جب ہمارے لیڈر عمران خان سے ملاقات کا جائز مطالبہ تسلیم کیا جائے گا۔ تحریکِ انصاف عدلیہ کے احکامات کی بالادستی کا مطالبہ کرتے اور عمران خان کے تمام آئینی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

مزید خبریں

Back to top button