جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت: بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد فیصلہ ہوگا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ آج یا کل اپوزیشن لیڈر سینیٹ کا نوٹیفکیشن جاری ہو جائے گا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے دونوں رہنماؤں کو اپوزیشن لیڈر کے طور پر نامزد کیا تھا، اس لیے نوٹیفکیشن جاری ہونا مثبت قدم ہے۔
صحافی کے سوال پر کہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ نوٹیفکیشن نواز شریف کے کہنے پر ہوا، بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نوٹیفکیشن اسپیکر کی صوابدید پر ہوا اور اسپیکر نے یہ اقدام کر کے معاملات آگے بڑھائے، جس پر پی ٹی آئی ان کے مشکور ہیں۔
پی ٹی آئی ممبران کے جوڈیشل کمیشن کے گزشتہ اجلاس میں عدم شرکت کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے بعد جوڈیشل کمیشن کی حیثیت بدل گئی اور 26ویں آئینی ترمیم پر شدید تحفظات کے باعث وہ اجلاس میں پہلے شامل نہیں ہوئے، تاہم بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد ہی آگے کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور اس طریقہ کار میں اپنا موقف پیش کیا جائے گا۔



