پی ٹی آئی نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش مسترد کر دی، حکومت پر سیاسی گھبراہٹ اور دوغلاپن کے الزامات

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیش کش کو مسترد کر دیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ حکومت کا انداز سیاسی گھبراہٹ،فکری دیوالیہ پن کی علامت ہے، حکومت مذاکرات کو ایک دوغلے پن اور عوام کو بیوقوف بنانے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔

شیخ وقاص اکرم نے اپنے بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ حکومت کی سیاسی گھبراہٹ اورفکری دیوالیہ پن ہے، حکمرانوں کو پیشگی شرائط پر مبنی بات چیت کا مطالبہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت موجودہ بحرانوں کا مذاکراتی حل تلاش کرنے کیلئے تحریک تحفظ آئین پاکستان سے بات کرسکتی ہے۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ حکومت محمود اچکزئی اورعلامہ راجہ ناصرعباس سے رابطہ کرسکتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کسی بھی صورت میں حکومت کے ساتھ بات چیت میں شامل نہیں ہوگی، شہبازشریف کی بات چیت کی پیشکش دوغلاپن اور متضاد موقف ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے  ایک بار پھر تحریک انصاف کو مذاکرات کی دعوت دی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کے ساتھی مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، پی ٹی آئی قیادت کو پہلے بھی مذاکرات کی دعوت دے چکا ہوں۔ اسمبلی فلور پر بھی پی ٹی آئی کو مذاکرات کی دعوت دی، انہیں ایک بار پھر مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں لیکن جائز مطالبات پر ہی مذاکرات ہو سکتے ہیں، مذاکرات کی آڑ میں بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔

مزید خبریں

Back to top button