پی ایس ایل 11: منگل کو آرام کا دن، بدھ کو زلمی اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا ٹکراؤ ہوگا

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پی ایس ایل 11 کے دوسرے مرحلہ میں منگل کو نیشنل اسٹیڈیم پر آرام کا دن ہوگا اور کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا ،بدھ کو لیگ کے 23 ویں میچ میں پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے مقابلہ ہوگا۔
پوائنٹس ٹیبل پر نو پوائنٹس جوڑ کر سر فہرست اور ناقابل شکست پشاور زلمی اپنے پانچ میچز میں چار فتوحات حاصل کر چکی ہے جبکہ اسلام آباد یونائٹیڈ کے خلاف میچ بارش کی نظر ہونےپر پشاور زلمی کو ایک پوائنٹ حاصل ہوا تھا۔
دوسری جانب پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے پانچ میچز میں دو فتوحات اور تین ناکامیوں کے بعد چار پوائنٹس جوڑے ہیں، پی ایس ایل 11 میں 21 میچز کے بعد ملتان سلطانز پانچ میچز میں چار فتوحات اور ایک ناکامی کے بعد آٹھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔
اپنے چھٹے میچ میں حیدرآباد کنگز مین سے شکست کھانے والی اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم تین فتوحات اور دو ناکامیوں کے بعد سات پوائنٹس کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہے ،چوتھی پوزیشن کی حامل کراچی کنگز کے پانچ میچز میں تین فتوحات اور دو شکست کے بعد چھ پوائنٹس ہیں ،چھٹی پوزیشن پر موجود دفاعی چیمپین لاہور قلندرز کے پانچ میچز میں دو فتوحات اور تین شکستوں کے بعد 4 پوائنٹس ہیں۔
حیدرآباد کنگز چھٹے میچ میں دوسری فتح حاصل کر کے چار پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر ہے، 8ویں اور آخری نمبر پر موجود راولپنڈی پنڈیز اپنے پانچوں میچز ہار کر کوئی پوائنٹ نہیں جوڑ سکی۔



