حیدرآباد سے تھرپارکر کے نوجوان کی گلا کٹی لاش برآمد،ورثا کا احتجاج

تھرپارکر (میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے) حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر10 سے ضلع تھرپارکر کے گاؤں جاڑی کھڑی کے رہائشی محنت کش ثناء اللہ منگریو کی گلا کٹی لاش برآمد ہوئی۔
ثناء اللہ ایک ہوٹل پر چپاتی بنا کر گھر کا گزارا کرتا تھا۔ وہ گھر کا واحد کفیل تھا، اس کے والد کافی عرصہ پہلے وفات پا چکے تھے۔ اس کی اولاد میں دو معصوم بیٹیاں ہیں۔ اس واقعے نے اس کی والدہ اور بیوی کو شدید صدمہ پہنچایا ہے۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی، لاش کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیا۔ تاہم واقعے کا مقدمہ درج نہیں ہو سکا اور نہ ہی قتل کی وجہ معلوم ہو سکی ہے۔
دوسری جانب ورثاء نے عمرکوٹ میں واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا دیا اور مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے۔



