ماتلی: ٹنڈو غلام علی بائی پاس پر ٹوٹا پل تعمیر نہ ہونے پر شہریوں کا احتجاجی دھرنا

ماتلی (رپورٹ ذیشان احمد گدی /جانو ڈاٹ پی کے)  ٹنڈو غلام علی بائی پاس کے قریب  چینل نہر(اکرم واہ )کی ٹوٹے ہوٹے پل کو ایک سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود تعمیر نہ ہونے پر شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے پل پر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی، احتجاج کی قیادت ارسلان معاویہ، عمر کشمیری،   وکیل زاہد حسین چڈڑ اور سيف الرحمان کشمیری نے کی جبکہ مظاہرین نے پل کی فوری تعمیر کے لیے دعا بھی کی، مظاہرین نے کہا کہ بارہا احتجاج کے باوجود منتخب نمائندوں اور ضلعی انتظامیہ نے کوئی عملی اقدام نہیں اٹھایا جس کے باعث ٹریفک کا دباؤ شہر کے اندر منتقل ہو گیا ہے اور سڑکیں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، ان کے مطابق بدین ضلع تیل، گیس اور زرعی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود ترقیاتی فنڈز کے مؤثر استعمال نہ ہونے کے باعث یہ اہم پل نظر انداز ہے، گنے کی کرشنگ سیزن کے دوران فاران، انصاری، بدین، کھوسکی، دیوان، ڈگری اور آبادگار شوگر ملوں کی طرف جانے والی گنے سے لدی ٹرالیاں شہر کے مرکزی راستوں سے گزر رہی ہیں جس سے سڑکیں مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو رہی ہیں اور حادثات میں اضافہ ہو رہا ہے، شہریوں نے بتایا کہ اَکرم واہ پل کے ٹوٹنے کے بعد بدین کی بڑی گیس اور آئل فیلڈز، جن میں دُھابجی آئل فیلڈ بھی شامل ہے، سے خام تیل لے جانے والے ایک لاکھ لیٹر گنجائش کے بھاری ٹینکر بھی شہر کے اندرونی راستوں سے گزرنے پر مجبور ہیں جس کے باعث فلکارا روڈ سمیت دیگر اہم سڑکیں شدید نقصان کا شکار ہیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو چکا ہے، مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ پل کی مرمت کے لیے مبینہ طور پر جاری کیے گئے کروڑوں روپے مبینہ طور پر جعلی فائلوں کے ذریعے ہڑپ کر لیے گئے جبکہ متعدد بار احتجاج کے باوجود حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور شہریوں کو مسلسل مشکلات کا سامنا ہے، مظاہرین نے اعلان کیا کہ وہ ہر جمعہ کو اسی پل پر نماز ادا کر کے دعا کریں گے تاکہ حکام فوری طور پر اس اہم پل کی تعمیر کو یقینی بنائیں۔

مزید خبریں

Back to top button