تھرپارکر:پولیس بھرتیوں کے آرڈر نہ ملنے کیخلاف مٹھی میں احتجاجی ریلی

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی)مٹھی میں پولیس بھرتی کے لیے ایک سال قبل ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی اور شہر کا گشت کیا گیا۔

امیدواروں کا کہنا ہے کہ ایک سال سے تھرپارکر کے امیدواروں کو نظر انداز کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر اضلاع میں پولیس اہلکار تربیت حاصل کر رہے ہیں، اس لیے ہمیں بھی آفر آرڈر جاری کیے جائیں۔

مٹھی میں 2024 میں پولیس کانسٹیبل کی ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں نے بلاول بھٹو پارک سے کشمیر چوک مٹھی تک احتجاجی ریلی نکالی۔

مظاہرین عبدالفتاح، علی محمد نہڑیو، سکندر علی، نور سمیجو، وقار چوہان، عبدالسبحان اور دیگر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 2024 میں پولیس کانسٹیبل بھرتی کے لیے ٹیسٹ پاس کیا اور امیدواروں کی فہرست بھی حتمی ہو چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے دیگر اضلاع میں پولیس کانسٹیبل تربیت لے رہے ہیں، مگر ہمیں ایک سال سے بلا جواز نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

تھرپارکر اور عمرکوٹ کے امیدواروں کو تاحال آفر لیٹر جاری نہیں کیے گئے، جبکہ جو امیدوار عدالت گئے تھے، ان کے حق میں فیصلہ بھی آ چکا ہے۔

امیدواروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے میرٹ پر ٹیسٹ پاس کیا ہے اور فہرستیں بھی تیار ہیں۔ میرپورخاص ضلع میں آرڈر جاری کیے جا چکے ہیں، لہٰذا ہمیں بھی نوکری دینا ہمارا قانونی حق ہے۔

مزید خبریں

Back to top button