آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت: تھرپارکر میں سوگ، مختلف شہر بند، ریلیاں

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی/جانوڈاٹ پی کے)ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ان کے خاندان کی اسرائیلی حملے میں شہادت کے خلاف تھرپارکر ضلع میں سوگ منایا گیا، جبکہ مختلف شہروں میں مارکیٹیں بند رکھ کر احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔

تھرپارکر کی عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دیکھنے میں آئی۔ اس سلسلے میں مٹھی کی تاجر ایسوسی ایشن نے شہر کی مارکیٹ بند رکھ کر سوگ منایا۔

جبکہ مٹھی شہر میں اہل تشیع کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ امریکہ و اسرائیل کی ایران پر جارحانہ حملے میں رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ خامنہ ای، ان کے بیٹے، بہو اور ہزاروں مومنین کی شہادت کے حوالے سے پرامن ماتمی جلوس نکالا گیا، جس کی قیادت شیعہ علماء کونسل ضلع کے صدر سید شمس الزمان شاہ کر رہے تھے۔

ریلی ملوک شاہ امام بارگاہ سے شروع ہو کر صادق چوک سے ہوتی ہوئی تھر پریس کلب پہنچی، جہاں صوبائی نائب صدر فقیر صابر علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم رہبرِ معظم کی مظلومانہ شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

بعد ازاں ریلی تھر پریس کلب سے کشمیر چوک پہنچی، جہاں ایڈووکیٹ عاشق علی بجیر، ضلع صدر سید شمس الزمان شاہ اور کاظم علی حجام نے خطاب کیا۔ آخر میں مولانا سکندر علی خاصخیلی نے شہداء کے حق میں خصوصی دعا کروائی۔ ریلی جلوس کی صورت میں دوبارہ ملوک شاہ امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔

اسلام کوٹ میں شٹر بند ہڑتال کی گئی۔ شیعہ علماء کونسل کی اپیل پر احتجاج میں ہندو تاجروں، مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور شہریوں نے بھی شرکت کی۔

چیلہار میں فوجی جان محمد بجیر کی قیادت میں احتجاجی ریلی نکالی گئی اور شدید نعرے بازی کی گئی۔

ننگرپارکر میں شہر بند رہا جبکہ عوام سوگ میں سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی ریلی نکالی، جس کی قیادت مولانا محمد ابراہیم کر رہے تھے۔

ڈیپلو میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت اور ایران پر امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے بمباری کے خلاف شیعہ علماء کونسل کی جانب سے معصومیہ امام بارگاہ سے اشرف بجیر، راشد لنگھو اور میر کلر کی قیادت میں ریلی نکال کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button