گرفتاری ٹل گئی،اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی دو روزہ حفاظتی ضمانت منظور کر لی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی دو روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں دو دن کے اندر متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محمد اعظم خان نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کی درخواست پر سماعت کی، جس کے دوران عدالت نے دونوں درخواست گزاروں کو گرفتار کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے۔

عدالت عالیہ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کو دس، دس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا بھی حکم دیا۔

دوسری جانب ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف نئی ایف آئی آر سامنے آنے کے بعد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں واقع لیگل برانچ کو تالا لگا دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق لیگل برانچ کے عملے پر ایف آئی آر لیک کرنے کا الزام ہے، جس پر پولیس کے سینئر افسران کی ہدایت پر یہ اقدام کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کے خلاف ایف آئی آر جولائی میں درج کی گئی تھی، تاہم دونوں نے اس ایف آئی آر میں ضمانت نہیں کروائی تھی۔ نئی ایف آئی آر کے سامنے آنے کے بعد دونوں نے حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button