بدین:نوجوان کا والدہ کے ہمراہ پریس کلب کے سامنے گھر پر قبضے کیخلاف احتجاج

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)تلہار کے رہائشی نوجوان شہریار کہیری نے اپنی والدہ کے ہمراہ گھر پر قبضے کے خلاف حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔ نوجوان شہریار ولد مرحوم واصف کہیری نے اپنی والدہ شاہین کہیری کے ساتھ حیدرآباد پریس کلب کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ تلہار کے وارڈ نمبر 2 بلوچ محلہ میں ان کے والد مرحوم واصف کہیری کا رہائشی مکان ہے، جس پر شہباز عرف خانو گوپانگ، اس کے بھائی راجہ گوپانگ اور بہنوئی مقبول شاہ نے ان کی غیر موجودگی میں قبضہ کر لیا ہے انہوں نے بتایا کہ وہ روزگار کے سلسلے میں حیدرآباد میں مزدوری کرتے تھے، جب واپس آئے تو شہباز عرف خانو گوپانگ گھر پر قابض تھا اور کہنے لگا کہ اس نے یہ جگہ 2017 میں خرید لی ہے، جبکہ یہ مکان ان کے والد مرحوم واصف کہیری کی ملکیت تھا، جنہوں نے اپنی زندگی میں یہ گھر ان کے نام کر دیا تھا۔ اس کے کاغذات اور دستاویزات محلے کے معتبر افراد کے پاس موجود ہیں۔ اس کے باوجود ملزمان قبضہ خالی نہیں کر رہے اور انہیں مسلسل بلیک میل کرنے کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دے رہے ہیں

انہوں نے بتایا کہ تلہار تھانے میں اطلاع دینے کے باوجود پولیس قبضہ واگزار کرانے کے لیے کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔ انہوں نے آئی جی سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی سے اپیل کی کہ معاملے کا نوٹس لے کر ان کے گھر سے شہباز عرف خانو گوپانگ سمیت مذکورہ افراد کا قبضہ ختم کرایا جائے اور انہیں تحفظ فراہم کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button