قومی شعور اجاگر کرنے میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر رہے ہیں،رانا قیصر عباس

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے) ممتاز ماہر تعلیم ، ترجمان، پرائیویٹ سکول منیجمنٹ پنجاب، رانا قیصر عباس نے کہا ہے کہ قومی شعور اُجاگر کرنے میں پرائیویٹ تعلیمی ادارے اہم کردار اداکر رہے ہیں۔ مشکلات کے باوجود پنجاب کا تعلیمی بوجھ خاطر خواہ طریقے سے اُٹھانے میں ان کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔ پاکستان میں لا تعداد نعمتیں موجود ہیں۔ ان کی اہمیت اور افادیت طالب علموں اور اساتذہ کرام تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اُنھوںنے ان خیالات کا اظہار نجی سکول، کی سالانہ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم، سر سلمان سعید خان پرنسپل، میڈم سماویہ ظفر ، میڈم ایمان، میڈم شہنیلا، میڈم نائلہ اور دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ رانا قیصر عباس نے مزید کہا کہ تعلیم کا مقصد کردار سازی ہے ۔ کردار سازی کے لیے اسلامی مشن کی تکمیل بہت ضروری ہے ۔ رانا قصیر نے والدین پر زور دیاکہ وہ اپنے بچوں کو سچا کھرا مسلمان اور پاکستانی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری پوری کریں۔ ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ تعلیم ہمارا زیور ہے ۔ تاجدارِ ختم نبوت ، محمد مصطفی ﷺ نے رشد و ہدایت کی جو روشنی اپنے کردار و عمل سے دنیا تک پہنچائی آج بھی اُسی روشنی سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ اخلاق و کردار کے پھول جہاں بھی کھلے ہیں وہ آپﷺ کی باغبانی کا ثمر ہیں۔ ہماری عزت و توقیر آپﷺ کی تعلیمات سے ممکن ہے۔ پاکستان آج دنیا بھر میں اپنی بہادری اور نیک نامی کی وجہ سے مقبول ہو رہا ہے ۔ ہمیں عزم کرنا چاہیے کہ ہم پاکستان کو مضبوط اور پائیدار ملک بنائیں گے۔ سر سلمان سعید خان نے کہاکہ والدین اساتذہ اور سوشل میڈیا کا فرض ہے کہ وہ طالب علموں کو تعمیری سرگرمیوں میں شامل کریں۔ اُفق کے حسیں چہرے پر یہی پیغام لکھا ہے کہ ہم تعلیم کے بل بوتے پر آگے بڑھیں۔ تعلیم اور علم ہماری کامیابی کے راستے ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ اسلامک مشن سکول کی سرگرمیاں تعمیری ہیں ۔ عوام الناس کو اس سے استفادہ کرنا چاہیے۔ اس پروگرام میں طلباءو طالبات نے فنِ خطابت کا مظاہرہ کیا ۔ ذہین طالب علموں کو انعامات سے نوازا گیا۔ نظامت کاروں کو کیش انعام بھی دیا گیا۔ پاکستان زندہ باد کے ولولہ انگیز نعرے سے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔



