2010 طیارہ حادثہ؛ نجی ایئر لائن کو 5 ارب سے زائد کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے 2010 میں طیارے کو حادثہ پیش آنے کے واقعے سے متعلق کیس میں نجی ایئر لائن کی تمام 8 اپیلیں خارج کر دیں جبکہ 5 ارب 41 کروڑ 78 ہزار روپے کی رقم بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

عدالت نے متاثرین کی 8 اور نجی ایئر لائن کی 8 اپیلوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ڈاکٹر رسول بخش میرجت نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔

عدالت نے طیارہ حادثے میں ہونے والے نقصانات کے لیے معاوضے کے سول دعوے پر فیصلہ دیا، عدالت نے نجی ایئر لائن کو فی اپیل ایک لاکھ جبکہ مجموعی طور پر 80 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق متاثرہ سمیرا نوید چوہدری اور دو دیگر کو 143.189 ملین کا ہرجانہ ادا کیا جائے، متاثرہ راشد ذوالفقار اور چار دیگر کو 630.94 ملین رقم فراہم کی جائے، متاثرین میں شامل محمد الیاس کو 1101.868 ملین ہرجانہ دیا جائے۔

گوہر رحمان کو 507.348 ملین، جنید الزماں حامد کو 996.048 ملین، متاثرین محمد جاوید خان کو 857.025 ملین، سلیمہ راجپوت کو 572.666 ملین اور کرنل (ر) شمیم ​​اختر کو 606 ملین بطور ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

متاثرین نے سول جج کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی تھی، سول جج نے اپنے فیصلے میں جزوی طور پر فی کس ایک کروڑ روپے کی حد تک معاوضے کی اجازت دی تھی۔

عدالت نے نجی ایئر لائن کو درخواستیں دائر کرنے اور عدالتی وقت کے ضیاع پر جرمانہ کیا، متاثرین کی اپیلیں ہائیکورٹ میں بھی زیر سماعت رہیں بعدازاں ہائیکورٹ نے اپنے دائرہ اختیار سے واپس سیشن ججز کے دائرہ اختیار میں دے دیں تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button