برطانیہ کے سابق شہزادے پرنس اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کو حراست کے بعد رہا کر دیا گیا

لندن(جانوڈاٹ پی کے)برطانیہ کے بادشاہ چارلس کے بھائی اور سابق برطانوی شہزادے اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کو رہا کردیا گیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کی گاڑی کو تھانے سے نکلتے دیکھا گیا جس میں اینڈریو ماؤنٹ بیٹن پچھلی نشست پر بیٹھے نظر آئے۔
کمسنوں سے جنسی تعلق کےمجرم جیفری ایپسٹین کو خفیہ سرکاری دستاویز کی فراہمی کےشبہہ میں اینڈریو کو صبح گرفتار کیا گیا تھا،اینڈریوکو عام شخص کی طرح جیل میں رکھا گیا۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ کراؤن پراسیکیوشن کے مطابق اس جرم کی زیادہ سے زیادہ سزا عمر قید ہے تاہم اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر کے معاملے میں عمر قید سزا کا امکان نہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اینڈریو کو قانونی کارروائی یا جیل جانے کے لیے کوئی استثنیٰ حاصل نہیں۔ سابق شہزادے کی گرفتاری سے قبل بادشاہ یا بکنگھم پیلس کو آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔
اینڈریو ماؤنٹ بیٹن ونزر حالیہ دور میں گرفتار کیے گئے برطانیہ کے پہلے شاہی فرد ہیں۔



