وزیراعظم کی کوہاٹ میں تیل وگیس کے بڑے ذخائر کی دریافت پر قوم کو مبارکباد

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پیٹرولیم ڈویژن کے امور پر اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پیٹرولیم اور گیس سیکٹر کے روڈمیپ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ او جی ڈی سی ایل نے کوہاٹ کے علاقے میں واقع ناشپا بلاک میں تیل اور گیس کے بڑے ذخائر دریافت کر لیے ہیں، ان ذخائر سے یومیہ 4100 بیرل تیل نکالا جا سکے گا۔
وزیراعظم نے اس اہم کامیابی پر قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ گھر یلو صارفین کو پچھلے سال کی نسبت بہتر پریشر کے ساتھ گیس مہیا کی جا رہی ہے، آر ایل این جی کے کنکشنز پر تیزی سے کام جاری ہے،350،000 کنکشنزکا ہدف ہے۔
انہوں نے کہا کہ شیوا گیس فیلڈ اور بٹانی گیس فیلڈ کیلئے پائیپ لائنز کو کمیشن کیا جا چکا ہے، ملک میں تیل وگیس کے نئے ذخائر کی دریافت ہماری ترجیحات میں شامل ہونی چاہیے، پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدکی مد میں خرچ ہونے والا زرمبادلہ بچایا جاسکے۔
شہباز شریف نے تیل و گیس سپلائی چین کو ترجیحی بنیادوں پر ڈیجیٹائز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیجیٹائزیشن سے اسمگلنگ کی روک تھام ممکن ہو گی،قومی خزانے کو فائدہ پہنچے گا۔



