بدین : گاؤں شیخ قرہیو بھنڈاری میں 5 سال سے پرائمری اسکول بند ، بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)بدین کے ساحلی علاقے پر مشتمل یونین کونسل بھگڑا میمن کے آخری گاؤں شیخ قرہیو بھنڈاری میں قائم گورنمنٹ پرائمری اسکول گزشتہ پانچ سال سے بند پڑا ہے، جس کے باعث گاؤں کے معصوم بچوں کی تعلیم بری طرح متاثر ہو رہی ہے اسکول کی عمارت بے یار و مددگار پڑی ہے اور بچوں کو تعلیم حاصل کرنے کے لیے قریبی دیہات کا رخ کرنا پڑتا ہے، جو خاص طور پر چھوٹے بچوں کے لیے گرمی کے موسم میں نہایت مشکل ثابت ہوتا ہے حیرت کی بات یہ ہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے حال ہی میں کئی اساتذہ کی بھرتی کے باوجود بھی گاؤں شیخ قرہیو بھنڈاری کا یہ اسکول تاحال بند ہے۔ گاؤں کے رہائشی اس اہم مسئلے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے ہیں کہ پانچ سال سے بند اس اسکول میں اساتذہ تعینات کیے جائیں تاکہ علاقے کے بچے تعلیم جیسے بنیادی حق سے محروم نہ رہیں گاؤں کے مکینوں نے محکمہ تعلیم کے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے اپیل کی ہے کہ اسکول کو جلد از جلد فعال کیا جائے، عمارت کی تعمیر و مرمت کرائی جائے اور باقاعدہ اساتذہ مقرر کیے جائیں تاکہ علاقے میں تعلیمی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہو سکیں انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس مسئلے پر فوری توجہ نہ دی گئی تو گاؤں کے لوگ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے، اس لیے حکومت کو چاہیے کہ اس مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے۔

مزید خبریں

Back to top button