میرپورخاص:کمشنر جلال الدین مہر کا بازاروں کا اچانک دورہ، خورد و نوش کے نرخ چیک کئے، گراں فروشی پر 40 ہزار روپے کےجرمانے

میرپورخاص (شاھدمیمن) کمشنر جلال الدین مہر نے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیہو کے ہمراہ شہر کے مختلف تجارتی و کاروباری علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور پھلوں، سبزیوں سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیا دورے کے دوران سرکاری نرخ نامے کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر تقریباً 40 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے تفصیلات کے مطابق کمشنر نے شہر کی اہم مارکیٹوں میں جا کر اشیائے خورد و نوش کے نرخ چیک کئے، تول میں کمی اور زائد قیمت وصول کرنے کی شکایات پر برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر ہی متعدد دکانداروں کو جرمانے کئے انہوں نے تمام دکانداروں کو ہدایت کی کہ سرکاری نرخ نامہ نمایاں مقام پر آویزاں کیا جائے اور مقررہ قیمتوں پر ہی اشیاء فروخت کی جائیں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمشنر جلال الدین مہر نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے تاکہ روزہ داروں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے انہوں نے واضح کیا کہ گراں فروشی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر غلام حسین کانیہو کو ہدایت جاری کی کہ وہ باقاعدگی سے مارکیٹوں کے دورے کریں، قیمتوں اور معیار کی جانچ پڑتال کو یقینی بنائیں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائیں انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی شہریوں نے انتظامیہ کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ رمضان المبارک کے دوران قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے ایسے اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔



