ڈپٹی کمشنر مٹیاری کی آٹے سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سخت نگرانی کی ہدایت

مٹیاری (رپورٹ:امجد راجپوت)مٹیاری میں آٹے سمیت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر سخت نگرانی کی ہدایت

ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ضلع میں روزمرہ استعمال کی اشیائے خورونوش کی قیمتوں پر قابو پانے، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی تاکہ رمضان المبارک سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بات آج لطیف ہال مٹیاری میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی واضح ہدایت ہے کہ آٹے سمیت تمام ضروری اشیاء کی قیمتیں عوام کی پہنچ میں ہوں۔ اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ اپنی تجاویز اعلیٰ حکام کو ارسال کرے گی، جن کی بنیاد پر آج یا کل حتمی نرخ طے کر کے رمضان سے قبل سرکاری طور پر نافذ کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ضلع مٹیاری کے تمام متعلقہ افسران کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تاجروں نے اپنے مسائل اور خدشات سے آگاہ کیا، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے حکومت کا مؤقف اور پالیسی نکات پیش کیے۔ اجلاس کے دوران تمام اشیاء کی قیمتوں پر تفصیلی بحث کی گئی اور باہمی مشاورت سے نرخوں کے بارے میں فیصلے کیے گئے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلع مٹیاری میں تین فلور ملز کام کر رہی ہیں، جنہیں ہدایت کی گئی ہے کہ ہر مل عوام کے لیے اسپاٹ اسٹال قائم کرے تاکہ براہِ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ اسی طرح ضلع میں موجود 120 آٹا چکیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں واضح کیا گیا کہ جو چکیاں غیر فعال ہیں، اگر ان میں سے کسی کو فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ریلیف ملا تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ قیمتوں پر کنٹرول، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور ضلعی انتظامیہ تاجر برادری کے ساتھ مل کر عوامی مفاد میں فیصلے کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button