پیپلزپارٹی کا یوم تاسیس بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان
کراچی میں جلسہ30نومبر کو کورنگی ساڑھے3نمبر پر عیدگاہ گرائونڈ میں منعقد ہوگا

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت30نومبر کو کراچی کے علاقہ کورنگی میں یومِ تاسیس کے موقع پر شاندار جلسہ عام کے ذریعے جمہوری عزم کا اعادہ کرے گی۔
اس بات کا اعلان پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ جس میں یومِ تاسیس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و سینیٹر سید وقار مہدی، جنرل سیکریٹری کراچی ڈویژن روف ناگوری، انفارمیشن سیکریٹری کراچی ڈاکٹر شرمیلا فاروقی، صدر لیڈیز ونگ کراچی ڈویژن ڈاکٹر شاہدہ رحمانی سمیت تمام ضلع کے صدور اور جنرل سیکریٹریز، ذیلی تنظیموں کے صدور و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس کا ماحول اتحاد، وابستگی اور پارٹی کی جدوجہد سے گہری جذباتی نسبت کا عکاس تھا۔
شرکاء نے پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنان کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ان قربانیوں نے ملک میں جمہوریت کی بحالی، آئینی حقوق کے تحفظ اور عوام کے وقار کو مضبوط کیا۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لے کر شہید محترمہ بینظیر بھٹو تک، پیپلز پارٹی کی تاریخ ثابت قدمی، ہمت اور عوامی خدمت کے بے مثال جذبے سے عبارت ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی صرف ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ عوامی خدمت اور جمہوری جدوجہد کی ایک تاریخی تحریک ہے جو انصاف، شمولیت اور عوامی فلاح کے اصولوں پر قائم ہے۔
فیصلہ کیا گیا کہ اس بار یومِ تاسیس کو پوری جوش و خروش اور فخر کے ساتھ منایا جائے گا اور ماضی کی شانِ جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے پارٹی کے عزم کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں ایک شاندار جلسہ عام منعقد کیا جائے گا جس میں عوام کی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ پیپلز پارٹی کے نظریے، جدوجہد اور تاریخی کردار کو شایانِ شان طریقے سے منایا جا سکے۔ جلسہ 30 نومبر کو کورنگی ساڑھے تین نمبر پر عیدگاہ گرائونڈ میں منعقد ہوگا، جس سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔ اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ اس سال یوم تاسیس کو انتہائی جوش و خروش سے منایا جائے گا اور پورے شہر میں بینرز اور پینا فلیکس لگائے جائیں گے جبکہ ڈسٹرکٹ کی سطح پر تمام ڈسٹرکٹ میں 29 نومبر کو ریلیاں نکالیں جائیں گی۔



