تھرپارکر: عوام کے احتجاج پر سندھ حکومت کی کارروائی،میگھواڑ برادری کے گھروں کے درمیان منشیات کا اڈہ ختم کردیاگیا

تھرپارکر(جانوڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر کے گاؤں کھینسر میں میگھواڑ برادری کے گھروں کے درمیان ایک بااثر شخص کی جانب سے اوطاق کے نام پر منشیات کے اڈے قائم کرنے کے خلاف گزشتہ روز چھاچھرو شہر میں خواتین اور بچوں نے احتجاج کیا تھا۔
اس احتجاج کا بلاول ہاؤس کے ترجمان اور ایم پی اے سریندر ولاسائی نے نوٹس لیا، جس کے بعد سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ضیاء لنجار اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ فریق کے ازالے کے لیے پولیس روانہ کی، جس نے گھروں کے درمیان قائم قبضہ ہٹا دیا۔
دوسری جانب فوری کارروائی پر بلاول ہاؤس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے صوبائی وزیر داخلہ اور ڈپٹی کمشنر تھرپارکر کا شکریہ ادا کیا اور متاثرہ فریق کو یقین دلایا کہ کسی بھی قیمت پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، پیپلز پارٹی کی قیادت آپ کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دے گی۔



