پاور ڈویژن نے مستقبل کی سبسڈی پالیسی تیار کر لی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پاور ڈویژن نے مستقبل میں سبسڈی سے متعلق نیا پلان تیار کر لیا ہے، جس پر آئی ایم ایف وفد کو حالیہ ٹیرف ری اسٹرکچرنگ اور سبسڈی کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق آئندہ صرف مستحق صارفین کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ذریعے سبسڈی فراہم کی جائے گی، اور ماہانہ آمدنی کے مطابق ڈیٹا لیکر سبسڈی کا تعین کیا جائے گا۔ پاور ڈویژن نے بی آئی ایس پی کے ساتھ مل کر ڈیٹا اکٹھا کرنا شروع کر دیا ہے۔
مستقبل میں صارفین سے بجلی کی پوری قیمت وصول کی جائے گی، اور کراس سبسڈی یا دیگر صارفین/شعبوں پر اضافی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔ مستحق صارفین کو صرف بجٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔
ذرائع پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق گیس کے شعبے میں بھی کراس سبسڈی کو ختم کیا جائے گا اور آئندہ بجٹ میں اس شعبے کی سبسڈی کو مناسب طریقے سے رکھا جائے گا۔ واضح رہے کہ گیس کے شعبے کی موجودہ کراس سبسڈی 225 ارب روپے ہے۔



